15 جون 2009 - 19:30

چودہ سالہ مبینہ خودکش حملہ آور نے انکشاف کیا ہے کہ نو عمر لڑکوں کو خودکش حملوں کی تربیت کیلئے وزیرستان لے جایا جاتا ہے۔

ڈیرہ غازی خان میں لڑکوں کو خودکش حملوں کی تربیت کیلئے وزیرستان لے جانے والے گروہ کا انکشاف ہوا ہے، پولیس نے کارروائی کے دوران چودہ سالہ مبینہ خودکش حملہ آور کو گرفتارکرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے علاقے چوٹی سے چودہ سالہ حافظ ابراہیم کو گرفتارکیا گیا ہے ۔اُس نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا ہے کہ دو افراد محمد اکرم اور محمد حنیف ڈیرہ غازی خان سے نو عمر لڑکوں کو خودکش حملوں کی تربیت کیلئے وزیرستان لے جاتے ہیں جہاں سے انہیں مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے لئے بھیج دیا جاتا ہے ۔ حافظ ابراہیم نے بتایا کہ اسے اور علاقے کے کئی لڑکوں کو وزیرستان میں خودکش حملوں کی تربیت دی گئی تھی۔ڈی پی او ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر رضوان کا کہنا ہے کہ گروہ کے سرغنہ محمد حنیف اور اس کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے ۔